امت نیوز ڈیسک //
کپواڑہ: شمالی کشمیر ضلع کپواڑہ کے سب ڈویژن لولاب کے امری بھک وارنَو جنگل میں رات کی تاریکی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک عارضی پناہ گاہ (کوٹھا) منہدم ہونے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں سے ایک معمر خاتون ہیں جب کہ دوسرا ایک کمسن بچہ ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ ماریف نوری زوجہ محمد یوسف میر اور 8 سالہ عابد احمد میر ولد محمد شفیع میر کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں آفان وارنَو کے رہنے والے تھے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا، جب دونوں افراد کوٹھے کے اندر موجود تھے۔ اچانک چھت گرنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ لاشیں تاحال جائے حادثہ پر موجود ہیں جب کہ امدادی کارروائی کے لیے 10 سے 15 مقامی افراد پر مشتمل ایک ریسکیو ٹیم امری بھک روانہ ہو چکی ہے۔
حادثے کی خبر عام ہوتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور غم کی فضا طاری ہو گئی۔ اس حادثے پر انتظامیہ کے بیان اور دیگر تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل بدھ کے روز کپوارہ ضلع میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک ٹیچر کی موت ہوگئی۔ ضلع کے راجوار، ہندوارہ علاقے میں پیش آئے اس حادثے میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں اسکولی طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اسکولی طلبہ و طالبات اور عملہ سے لدی ایک بردار بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر پلٹ گئی۔









