امت نیوز ڈیسک //
ضلع راجوری کی تحصیل منجہ کوٹ کے گاؤں منگل ناڑھ میں گزشتہ چند دنوں سے ایک پراسرار اور خطرناک بیماری مویشیوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اس بیماری سے متاثرہ جانور اچانک پاگل ہو جاتے ہیں، ان کے منہ سے جھاگ نکلتا ہے اور وہ بے قابو ہو کر لوگوں اور دیگر جانوروں کو نقصان پہنچانے لگتے ہیں۔
گاؤں کے مکینوں کے مطابق صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ مزید پھیلاؤ اور جانی نقصان سے بچنے کے لیے لوگ اپنے قیمتی مویشیوں کو زندہ دفنانے پر مجبور ہیں۔ اس بیماری کے نتیجے میں گاؤں کے کئی افراد اپنے مویشیوں سے محروم ہو گئے ہیں، جن میں عبدالرشید کی ایک بھینس، ریاض احمد خان کی ایک بھینس، قیوم خان کی ایک بھیڑ، اور طارق محمود کا مویشی شامل ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے سے متعلق انتظامیہ اور ویٹرنری محکمہ کو بارہا اطلاع دی گئی، مگر اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف مقامی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ انسانی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
عوام نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گاؤں کا دورہ کر کے اس بیماری پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔









