امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: غزہ میں صحافیوں کی ہلاکتوں پر بھارت کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ بھارت نے بدھ کو غزہ میں اسرائیلی حملے میں پانچ صحافیوں کی ہلاکت کو "حیران کن” اور "انتہائی افسوسناک” قرار دیا۔
یہ صحافی پیر کو خان یونس کے ناصر ہسپتال پر ہونے والے حملوں میں ہلاک ہونے والے کم از کم 20 افراد میں شامل تھے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ صحافیوں کا قتل حیران کن اور انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا، "بھارت نے ہمیشہ تنازعات میں شہریوں کی جانوں کے ضیاع کی مذمت کی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اسرائیلی حکام پہلے ہی تحقیقات شروع کر چکے ہیں۔”
اس حملے کے بعد اسرائیل کو بین الاقوامی سطح پر مذمت کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ 25 اگست کو اسرائیل کی جانب سے غزہ کے الناصر ہسپتال پر حملہ کیا گیا جس میں 5 صحافی سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں درجنوں صحافی ہلاک ہوچکے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق 24 اگست کو اسرائیلی حملوں میں کم از کم 63 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فورسز انخلاء کے منصوبے کو مسلط کرنے کی کوشش میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ الجزیرہ نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ غزہ پر کئے گئے اسرائیلی حملوں میں 63 فلسطینی ازجان ہو گئے۔










