امت نیوز ڈیسک :
اننت ناگ، 27 اگست :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شاکرپورہ، ڈورو علاقے میں خراب موسم نے گذشتہ رات مقامی چرواہا خاندان کو شدید دھچکا پہنچایا جب کم از کم 75 بھیڑیں ہلاک ہوگئیں۔ اس اچانک نقصان نے متاثرہ خاندان کو کرب میں مبتلا کر دیا ہے اور ان کی روزی روٹی پر کاری ضرب لگی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد ایس ڈی ایم ڈورو پرویز رحیم، ایس ڈی پی او پنکج سودن، پروبیشنری ڈی ایس پی امیت کھجوریہ کے علاوہ ریونیو اور شیپ ہسبینڈری محکموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ انہوں نے نقصان کی تفصیلات درج کیں اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔
متاثرہ خاندان نے انتظامیہ سے فوری معاوضے اور ریلیف اقدامات کی اپیل کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ سانحہ انہیں مالی طور پر تباہی کے دہانے پر لے آیا ہے۔
افسران نے تصدیق کی ہے کہ ایک مفصل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے جو مزید کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو بھیجی جائے گی۔ [کے این ٹی]










