امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 29 اگست: لیفٹیننٹ گورنر سیکریٹریٹ نے جمعہ کے روز ایک اعلیٰ سطحی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی حکومت کے محکمہ جل شکتی، جموں و کشمیر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کریں گے، تاکہ 26 اگست 2025 کو شری ماتا ویشنو دیوی ٹریک پر پیش آئے لینڈ سلائیڈ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا سکیں۔
لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر، جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے:
“ایک اعلیٰ سطحی تین رکنی کمیٹی، جس کی سربراہی حکومت کے محکمہ جل شکتی، جموں و کشمیر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کریں گے، تشکیل دی جاتی ہے تاکہ 26.08.2025 کو ضلع ریاسی کے شری ماتا ویشنو دیوی جی ٹریک کے ادھکوار ی کے نزدیک پیش آئے المناک لینڈ سلائیڈ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا سکیں۔”
کمیٹی میں ایڈیشنل چیف سکریٹری محکمہ جل شکتی، جموں و کشمیر؛ ڈویژنل کمشنر جموں؛ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں شامل ہوں گے۔
کمیٹی واقعے کے اسباب و وجوہات کا تفصیل سے جائزہ لے گی اور کسی بھی طرح کی کوتاہی کی نشاندہی کرے گی۔
یہ کمیٹی ریسکیو اور ریلیف اقدامات کا بھی جائزہ لے گی جو واقعے کے بعد اختیار کیے گئے۔ مزید یہ کہ کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موزوں ایس او پیز اور اقدامات تجویز کرے گی۔
کمیٹی اپنی رپورٹ دو ہفتوں کے اندر شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے معزز چیئرمین کو پیش کرے گی۔










