امت نیوز ڈیسک //
ریاسی، 30 اگست: ریاسی ضلع کی تحصیل ماہور کے بھڈر گاؤں میں بھاری بارشوں کے نتیجے میں آنے والی لینڈ سلائیڈنگ سے ایک رہائشی مکان تباہ ہوگیا، جس میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے، حکام نے جمعہ کو بتایا۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب پہاڑی ڈھلوان پر قائم مکان پر اچانک بھاری لینڈ سلائیڈنگ آگئی اور مکان ملبے تلے دب گیا۔ اس وقت مکان میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد موجود تھے۔
ایک اہلکار نے کہا: "سات افراد ملبے تلے پھنس گئے تھے۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی انتظامیہ کی ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں اور تمام لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔”
ضلعی انتظامیہ نے پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور بھاری بارشوں کے دوران کمزور ڈھانچوں میں رہنے سے گریز کریں—(کے این او)











