امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 5 ستمبر: سرینگر پولیس نے جمعہ کو ایک عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ضلع میں سیلابی صورتحال سے متعلق جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات سوشل میڈیا پر نہ پھیلائیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق بعض غیر مصدقہ دعوے آن لائن گردش کر رہے ہیں جو بلاوجہ خوف و ہراس پیدا کر سکتے ہیں اور عوامی نظم و ضبط کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا:
“پولیس اور سول انتظامیہ قریبی اشتراک کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور کسی بھی آفت سے متعلق صورتحال کو مؤثر، پیشہ ورانہ اور بروقت طریقے سے قابو پانے، سنبھالنے اور کم کرنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔”
بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور غیر مصدقہ معلومات کو آگے بڑھانے سے گریز کریں۔ ساتھ ہی یہ انتباہ بھی دیا گیا کہ افواہیں پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے مزید کہا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ (کے این ٹی)









