امت نیوز ڈیسک //
ایرناکولم: کینیا کے سابق وزیر اعظم ریلا اوڈنگا کیرالہ کے ایرناکولم میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ اوڈنگا صبح سیر کے دوران بے ہوش ہو گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر پاس کے دیو ماتا اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی موت ہوگئی۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔
کینیا سابق وزیر اعظم 10 اکتوبر کو سری دھریم اسپتال میں علاج کے لیے کیرالہ آئے تھے۔ وہ اور ان کے اہل خانہ علاج و معالجہ کے لیے اکثر سری دھریم اسپتال آتے رہتے تھے۔ اوڈنگا اس سے قبل اپنی بیٹی کی آنکھ کی بیماری کے علاج کے لیے کیرالہ آئے تھے۔
سابق وزیراعظم کی میت کو دیوماتا اسپتال میں رکھا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ پروٹوکول کے مطابق آگے کارروائی مکمل کی جائے گی۔ اوڈنگا کی بیٹی اور دیگر رشتہ دار اس وقت ان کے ساتھ ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘من کی بات’ میں صحت کی وجوہات کی بنا پر ان کے کیرالہ دورے کا ذکر کیا تھا۔
حالیہ ہفتوں میں غیر ملکی میڈیا میں اوڈنگا کی صحت کے بارے میں کئی قیاس آرائیاں چلتی رہیں، لیکن نہ تو انہوں نے اور نہ ہی ان کے خاندان نے ان رپورٹس پر کوئی ردعمل ظاہر کیا۔ ان افواہوں کے بیچ ان کی اچانک موت ہو گئی۔
اوڈنگا کے ہسپتال میں داخل ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ حقائق کی جانچ پڑتال سے پتہ چلا کہ یہ تصاویر مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے بنائی گئی ہیں۔ کینیا کے ایک ڈیجیٹل نیوز آؤٹ لیٹ نے ان غلط معلومات کو واضح کیا۔
ریلا اوڈنگا، جنہوں نے 2008 سے 2013 تک کینیا کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اورنج ڈیموکریٹک موومنٹ (ODM) کی ایک نمایاں شخصیت کے طور پر کام کیا۔ وہ 1997، 2007، 2013، 2017 اور 2022 میں صدارتی انتخابات میں ناکام رہے۔









