امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 24 اکتوبر : جموں و کشمیر کے تمام 86 ارکانِ اسمبلی نے جمعہ کو منعقدہ راجیہ سبھا انتخابات میں اپنے ووٹ ڈالے۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور کے مطابق، تمام 86 ایم ایل ایز نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔
ذرائع نے کے این او بتایا کہ زیرِ حراست عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایم ایل اے مہراج ملک کا ڈاک کے ذریعے ووٹ بھی ریٹرننگ آفیسر تک پہنچ گیا ہے، جو گنتی میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، “پولنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے تاہم اسے باضابطہ طور پر شام 4 بجے بند کیا جائے گا۔”
اسمبلی کی کل طاقت 88 ہے۔ مہراج ملک نے حراست سے ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالا، جبکہ پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے ووٹنگ سے اجتناب کیا۔
نیشنل کانفرنس کو کانگریس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، سی پی آئی (ایم) اور آزاد ارکان کی حمایت حاصل ہے، جس سے اتحاد کی مجموعی طاقت 58 تک پہنچ گئی ہے—جو چاروں نشستیں جیتنے کے لیے کافی ہے۔
حکومتی اتحاد کے اراکین اور آزاد امیدواروں، بالخصوص شیخ خورشید اور شبیر کُلے کے دعووں کے مطابق، بی جے پی کے لیے نشست جیتنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔ اتحاد کے پاس تیسری اور چوتھی نشست کے لیے 29 ووٹ ہیں، جب کہ بی جے پی کے امیدوار کے لیے 28 ووٹ ہیں۔
البتہ، بی جے پی صرف اسی صورت میں نشست حاصل کرسکتی ہے جب انڈیا اتحاد (این سی، کانگریس، پی ڈی پی یا آزاد) کے کسی رکن کی کراس ووٹنگ ہو۔
پیپلز کانفرنس نے انتخابات سے دور رہنے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ اس پر کسی ممکنہ کراس ووٹنگ کا الزام نہ آئے اور وہ نیشنل کانفرنس اور بی جے پی دونوں سے فاصلہ برقرار رکھ سکے۔ (کے این او)










