امت نیوز ڈیسک //
سرینگر :جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کا دعویٰ ہے کہ ان کی جماعت نیشنل کانفرنس بڈگام اور نگروٹہ کی دونوں اسمبلی نشستوں پر جیت درج کرے گی۔ انہوں نے کہا: ’’عمر عبدللہ کی قیادت میں حکومت لوگوں کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔‘‘
ان باتوں کا اظہار نائب این سی کے سینئر لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ہفتے کو میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ’’جو لوگوں کے کام گزشتہ برسوں میں رکے پڑے تھے ان کو مکمل کیا جا رہا ہے اور جو عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار نے لوگوں سے وعدے کیے ہیں ان کو ایک ایک کر کے پورا کیا جائے گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی سرکار کے ادھورے کاموں کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اگر اس حکومت نے کام کئے ہوتے تو آج تک صنعت نگر برج نامکمل نہیں ہوتا۔
سریندر کمار چودھری نے مزید کہا کہ حکومت پرانے کاموں کو بھی مکمل کر رہی ہے اور نئے پروجیکٹ بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔ بڈگام اور نگروٹہ ضمنی انتخابات کے تعلق سے انہوں نے کہا: ’’نگروٹہ میں عمر عبداللہ کی ایک بڑی ریلی ہوئی، ہماری جماعت دونوں – بڈگام اور نگروٹہ – اسمبلی حلقوں پر جیت درج کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔‘‘ یاد رہے کہ بڈگام اسمبلی نشست عمر عبداللہ کی جانب سے (اس نشست سے) استعفیٰ دئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی جبکہ دیوندر سنگھ رانا کے انتقال سے نگروٹہ اسمبلی نشست خالی تھی۔
سریندر کمار نے مزید کہا کہ ’’لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے بی جے پی کو جتانے کے لیے نگروٹہ میں اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے۔ ایسا بالکل نہیں ہے، ہم دونوں نشستیں جیتیں گے اور ہمارے امیدوار اسمبلی میں آئیں گے۔‘‘








