امت نیوز ڈیسک //
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان جاری تنازعہ کے بعد بالآخر برف پگھل گئی ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پی سی بی کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ محسن نقوی سے ملاقات کی ہے، جس میں ایشیا کپ ٹرافی کے مسئلے پر بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی، جو پاکستان کے وزیر داخلہ بھی ہیں، جمعہ کو آخری لمحات میں دبئی میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں شریک ہوئے، جہاں بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان ایشیا کپ ٹرافی کے حوالے سے تنازعہ پر تبادلہ خیال ہوا۔
یاد رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ 2025 جیتنے کے باوجود اب تک ٹرافی وصول نہیں کی تھی، کیونکہ بھارتی بورڈ نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد دونوں بورڈز کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔
دیواجیت سائیکیا نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو میں کہا،
"میں آئی سی سی کی باضابطہ اور غیر رسمی دونوں میٹنگز کا حصہ تھا۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اگرچہ یہ معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں تھا، لیکن آئی سی سی نے علیحدہ طور پر ہمارے درمیان ملاقات کا انتظام کیا جس میں ایک سینئر آئی سی سی عہدیدار بھی شریک تھا۔”
انہوں نے مزید کہا، "یہ ملاقات مثبت رہی۔ دونوں فریقین نے خوش اسلوبی سے مذاکرات کیے۔ برف پگھل گئی ہے اور امید ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔”
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی ٹرافی اس وقت اے سی سی کے دبئی دفتر میں رکھی گئی ہے، جہاں محسن نقوی نے عملے کو ہدایت دی ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر ٹرافی نہ ہٹائی جائے۔
بی سی سی آئی سیکریٹری نے کہا کہ دونوں جانب سے تجاویز سامنے آئیں گی اور جلد ہی کوئی باہمی حل نکالا جائے گا۔
سائیکیا نے کہا "اب جب کہ برف پگھل گئی ہے، دونوں فریق مل کر مسئلے کا حل تلاش کریں گے،”
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ 2025 جیتا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان تناؤ کے ماحول میں کھیلا گیا تھا، جس کی شروعات بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے سے ہوئی تھی، جو پہلگام حملے اور آپریشن سندور کے بعد پیش آیا۔









