امت نیوز ڈیسک //
دہلی کی ایک سیشن کورٹ نے جمعرات کو سابق جے این یو اسکالر اور دہلی فسادات سازش کیس کے ملزم عمر خالد کو اپنی حقیقی بہن کی شادی میں شرکت کے لیے 16 دسمبر سے 29 دسمبر 2025 تک عبوری ضمانت دے دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی نے حکم دیا کہ عمر خالد اس دوران سوشل میڈیا استعمال نہیں کریں گے، صرف خاندان کے افراد، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملیں گے اور گھر یا شادی کی تقاریب والے مقامات پر ہی رہیں گے۔ عدالت نے 20 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے اور دو ضامنوں کے عوض یہ ضمانت دی ہے۔حالانکہ عمر خالد نے 14 دسمبر سے 29 دسمبر تک کی ضمانت مانگی تھی۔ بہن کی شادی 27 دسمبر کو ہے۔
عمر خالد کو ستمبر 2020 میں یو اے پی اے سمیت سنگین دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت سے جیل میں ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر 2024 میں انہیں کزن کی شادی کے لیے سات دن کی ضمانت ملی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے 10 دسمبر کو عمر خالد سمیت چھ ملزموں کی مستقل ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔










