امت.نیوز ڈیسک//
ایٹانگر 11 دسمبر :اروناچل پردیش پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے دو افراد کو پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق نذیر احمد ملک اور صابر احمد میر کو الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایٹانگر کے گنگا گاؤں اور ابوتانی کالونی سے حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع کپوارہ سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بھارتی فوج کی نقل و حرکت اور مقامی علاقوں میں قائم فوجی تنصیبات کی معلومات جمع کرکے پاکستان میں موجود ہینڈلرز کو ٹیلیگرام چینل کے ذریعے بھیج رہے تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ معاملے کی گہرائی سے چھان بین جاری ہے تاکہ شیئر کی گئی معلومات کی نوعیت اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی نشاندہی کی جاسکے۔ [کے این ٹی]









