امت نیوز ڈیسک //
سرینگر/سوپور:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان بدھ کے روز جموں کے وجے پور علاقے میں مردہ حالت میں پایا گیا، جبکہ اہل خانہ نے اس کی موت کو قتل قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل خانہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ متوفی کی شناخت خالد شریف بھٹ ساکن آرم پورہ سوپور کے طور پر ہوئی ہے، جو گزشتہ 8 سے 10 روز قبل گھومنے کے لیے گھر سے نکلا تھا۔
اہل خانہ کے مطابق، “خالد نے 8 دسمبر کو ہم سے فون پر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ جموں کے جیول چوک میں موجود ہے۔ اس کے بعد جب دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا فون بند آرہا تھا۔”
بدھ کو سوشل میڈیا پر وجے پور میں ایک نامعلوم لاش ملنے کی خبر گردش کرنے کے بعد اہل خانہ نے فوری طور پر وجے پور پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس نے تصدیق کی کہ ایک لاش ملی ہے، تاہم شناخت نہیں ہو پائی تھی۔ اہل خانہ نے ایس ایچ او وجے پور کی مکمل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ خالد کے سر پر واضح زخموں کے نشانات موجود ہیں، جس کی بنیاد پر وہ اس واقعے کو قتل قرار دے رہے ہیں۔ “ہمیں لگتا ہے یہ قتل ہے۔ اس کے سر پر زخم کیوں تھے؟ وہ کس کے ساتھ گیا تھا؟ ہمیں کچھ معلوم نہیں۔ ہم ایس ایس پی سوپور اور ایس ایچ او وجے پور سے انصاف کی اپیل کرتے ہیں،” اہل خانہ نے کہا۔
پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔










