امت نیوز ڈیسک //
جموں، 22 فروری : ضلع کشتواڑ کے چاترو علاقے میں اتوار کے روز سکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپ کے دوران جیشِ محمد کا ایک اعلیٰ کمانڈر مارا گیا۔
سرکاری ذرائع نے نیوز ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ پولیس، فوج کی 2 پیرا یونٹ اور دیگر فورسز کی مشترکہ ٹیم کے ساتھ ہونے والی شدید فائرنگ کے تبادلے میں تنظیم جیش محمد کا ایک اہم کمانڈر مارا گیا۔ تاہم ہلاک شدہ ملزم کی لاش ابھی تک برآمد نہیں کی جا سکی ہے اور سرکاری سطح پر باضابطہ تصدیق کا انتظار ہے۔
علاقے میں آپریشن آخری اطلاعات آنے تک جاری تھا۔
دریں اثنا، فوج کے وائٹ نائٹ کور نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاسرکوٹ، کشتواڑ کے عمومی علاقے میں ملٹنٹس کے ساتھ رابطہ قائم ہوا ہے۔ بیان کے مطابق یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اشتراک سے انجام دی جا رہی ہے، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور آپریشن جاری ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ (جی این ایس)





