امت نیوز ڈیسک //
برگن شٹاخ، سوئٹزرلینڈ: سوئٹزرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ، ایران، پاکستان اور قطر کے درمیان 19 جون کو ہونے والے شیڈول مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ سوئس وزارتِ خارجہ کے مطابق مذاکرات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، تاہم نئی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس جمعہ کو سوئٹزرلینڈ نہیں جائیں گے کیونکہ مذاکرات کے انتظامی اور لاجسٹک معاملات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ابتدائی منصوبے کے تحت امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر باقاعدہ دستخط اور مذاکرات کا آغاز سوئٹزرلینڈ میں ہونا تھا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کر دیے، جس کے بعد مجوزہ تقریب منسوخ کر دی گئی۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بطور ثالث تقریب کی میزبانی کے لیے مکمل انتظامات کیے تھے، تاہم تقریب کی منسوخی کے بعد پاکستانی وفود اور میڈیا ٹیموں نے واپسی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب ایران کے اعلیٰ رہنما نے ایرانی حکام کو امریکہ کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی اجازت دے دی ہے، جس سے مستقبل میں مذاکرات کے دوبارہ آغاز کی امید برقرار ہے۔






