امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 19 جون: ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے نیٹ 2026 کے ری ٹیسٹ کے انعقاد کے پیش نظر وادی کشمیر کے 60 اسکولوں میں 20 جون (ہفتہ) کو تدریسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق جن اسکولوں کو نیٹ امتحان کے مراکز مقرر کیا گیا ہے، وہاں امتحانی انتظامات کو بہتر اور ہموار بنانے کے لیے ایک روز کے لیے کلاس ورک بند رکھا جائے گا۔
متاثرہ تعلیمی ادارے مختلف اضلاع اننت ناگ، بارہمولہ، بڈگام، کپواڑہ، پلوامہ اور سری نگر میں واقع ہیں۔ ان میں متعدد ہائر سیکنڈری اسکول، ماڈل اسکول اور مرکزیہ ودیالیہ شامل ہیں جہاں 21 جون (اتوار) کو منعقد ہونے والے نیٹ امتحان کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم نے تمام متعلقہ اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ وہ امتحانی مراکز پر ضروری سہولیات اور انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ امتحان کا انعقاد بغیر کسی رکاوٹ کے ممکن ہو سکے۔
واضح رہے کہ نیٹ ملک بھر میں میڈیکل اور دیگر متعلقہ شعبوں میں داخلے کے لیے ایک اہم قومی سطح کا امتحان ہے، جس میں ہزاروں طلبہ شرکت کرتے ہیں۔






