امت نیوز ڈیسک //
سرینگر کے نسیم باغ میں آج عوامی اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت کو گرانے اور پارٹی میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جموں سے تعلق رکھنے والے ایک نیشنل کانفرنس کے رکنِ اسمبلی نے انہیں بتایا کہ سپریم کورٹ کے ایک وکیل، جنہیں عمر عبداللہ نے بی جے پی سے قریبی تعلق رکھنے والا قرار دیا، نے انہیں پارٹی چھوڑنے کے بدلے 20 سے 30 کروڑ روپے، وزارت کا عہدہ اور جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا وعدہ کیا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں اقتدار کے لیے "پچھلے دروازے” سے داخل ہونے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تاہم، بی جے پی کی جانب سے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔




