(سرینگر) عید میلاد النبی ﷺ کی اختتامی تقریبات پوری وادی میں نہایت ہی عقیدت و احترا م کے ساتھ منائی گئی ، مسجدوں ،خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں رُح پرورمناظر دیکھنے کو ملے ۔مسجدوں ،خانقاہوں اور امام باڑوں میں علماءنے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دنیا وی اور آخروی زندگی گزارنے کیلئے اسوہ حسنہ پر من و عن عمل کریں ۔ عید میلاد النبی ﷺ کی اختتامی تقریبات کے سلسلے میں جمعہ (22 اکتوبر ) کو پوری وادی میں سمیناروں ،اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ۔ مسجدوں ،خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں بڑے بڑے اجتماعات ہوئے ،سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولﷺ نے نماز جمعہ ادا کیں اور ختم المعظمات ،درودازکار کی محفلیں آراستہ کیں ۔ درگاہ حضرتبل میں نماز جمعہ ،نماز عصر کے موقعے پر عاشقان رسول ﷺ کو موئے پاک کے دیدار سے فیضیاب کرایا گیا ۔ عید میلاد کے سلسلے میں اہم شریف بانڈی پورہ ،جناب صاحب صورہ ،زیارت شریف دستگیر صاحب ، خانقاہ معلی،پتھر مسجد ، سعید یعقوب صاحب سونہ وار ، پنجورہ شوپیاں،خانقاہ فیض پناہ ترال ،کعبہ مرگ ،جامع قدیم بارہمولہ ، جامع جدید بارہمولہ ،جامع قدیم سوپور،ہندوارہ ، کپوارہ ، سوگام ، گاندربل ،بڈگام اور وادی کے اطراف و اکناف میں عید میلاد کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ،بڑی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ نے جلسے اور جلوس نکالے جن میں لوگوں نے نبی الآخرالزماں کے ساتھ اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کیا ۔ ادھر سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں آج بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔











