اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے دور افتادہ علاقہ رین آتھڑ، کوکرناگ نام کے علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک 20 سالہ نوجوان، جس کی شناخت عبد الرؤف چوپان ولد گلزار احمد چوپان کے طور پر ہوئی ہے، گذشتہ جمعہ سے لاپتہ ہے۔ لاپتہ ہوئے نوجوان کے اہل خانہ نے روتے بلکتے ان سے واپس گھر لوٹنے کی اپیل کی۔
کوکرناگ کا ایک اور نوجوان لاپتہعبد الرؤف کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا رواں ماہ کی 15 تاریخ کو اننت ناگ میں قائم ایک درسگاہ میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے اپنے گھر سے روانہ ہوا تھا، تاہم ان کے مطابق وہ مدرسہ نہیں پہنچا۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے رؤف کی والدہ ممتازہ بیگم نے کہا کہ ’’ہم نے چند روز بعد ہی درسگاہ پہنچ کر اپنے فرزند کو ڈھونڈنے کی کوشش کی تاہم مدرسہ کے منتظمین نے کہا کہ وہ مدرسہ نہیں پہنچا۔ اس خبر سے گھر کے سبھی افراد پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے۔‘‘رؤف کے اہل خانہ کے مطابق انہوں نے رؤف کو رشتہ داروں، دوست احباب کے یہاں بھی تلاش کیا تاہم اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ جس کے بعد انہوں نے پولیس اسٹیشن لارنو، کوکرناگ میں گمشدگی کا ایک مقدمہ دائر کیا۔ پولیس بھی اس معاملے کو لے کر متحرک ہوگئی ہے اور پولیس کی جانب سے لاپتہ ہوئے نوجوان کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ادھر لاپتہ ہوئے عبدالرؤف کے اہل خانہ نے ان سے روتے بلکتے واپس گھر لوٹنے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء، کوکرناگ کے ہی ہلر نام کے علاقے سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ نوجوان فیصل احمد نجار ولد گلزار احمد بھی گذشتہ کئی دنوں سے لاپتہ ہے۔ ان کے اہل خانہ نے سماجی رابطہ گاہوں پر ویڈیو پیغام کے ذریعے ان سے واپس گھر لوٹنے کی اپیل کی








