(سرینگر) کشمیر میں گزشتہ دنوں شہریوں اور غیر مقامی افراد کے قتل کے بعد آج وادی کے مختلف علاقوں میں این آئی اے نے چھاپے مارے۔اطلاعات کے مطابق نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے آج ضلع بارہمولہ کے دو مختلف گاؤں فتح گڑھ اور ناروا کے علاقے آڈورا میں چھاپے مارے۔ ادھر سرینگر کے باغ مہتاب اور چھانہ پورہ علاقوں میں بھی این آئی اے کی جانب سے چھاپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔تاہم ان چھاپوں کے متعلق سے این آئی اے نے ابھی تک کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا ہے۔غور طلب ہے کہ سنہ 2017 سے اب تک این آئی نے کشمیر میں متعدد افراد کو عسکریت پسندی اور حوالہ فنڈنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے، جن میں بیشتر حریت رہنما شامل ہیں۔واضح رہے کہ وادیٔ کشمیر میں گزشتہ دنوں ہوئے کئی افراد کے قتل کے بعد سے این آئی اے نے چھاپے ماری تیز کردی ہے۔اس سے قبل میڈیا رپورٹس کے مطابق این آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ دیگر اعلیٰ بھارتی سیکورٹی افسران کے ہمراہ سرینگر میں حالات کا جائزہ لینے کے لئے وارد ہوچکے ہیں۔