(کمپالا) افریقی ملک یوگنڈا میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو خودکش دھماکوں میں 3 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق افریقی ملک یوگنڈا میں پارلیمنٹ اور سینٹرل پولیس اسٹیشن کے نزدیک تین خود کش بمباروں نے دو حملوں میں خود کو بارودی مواد سے اُڑالیا۔ پہلا خود کش حملہ پولیس اسٹیشن کی چیک پوسٹ پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد دو حملہ آوروں نے بارود سے بھری موٹر سائیکل پارلیمنٹ کے قریب چیک پوسٹ سے ٹکرادی۔ دونوں دھماکوں کا مقام ایک دوسرے قریب تھا جس میں 3 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے جن میں 7 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حملے کے بعد ارکان پارلیمنٹ بھی خوف زدہ ہو کر باہر نکل آئے۔ علاقے میں بھگدڑ مچ گئی جب کہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ دو ماہ قبل ایک فوڈ اسٹریٹ پر پارسل بم دھماکا ہوا تھا جب کہ رواں برس کے آغاز پر وزیر ٹرانسپورٹ سابق فوجی کمانڈر جنرل کُٹمبا وامالا گاڑی پر فائرنگ میں محفوظ رہے تاہم ان کی بیٹی اور ڈرائیور ہلاک ہوگئے تھے۔