(رام بن) ضلع رامبن میں انتظامیہ کی جانب سے سب ڈویژن گول میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس تعلق سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شری ہربنس لال نے ایک حکم نامہ کے زیر نمبر DMR/1986-92 Date 17-11202 بھیجا تھا جس کے بعد سب ڈویژن گول کے فمڑوت اور سیری پوری گاؤں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس قانون کے نفاذ کا مقصد ہے کہ چار سے زائد آدمی ایک جگہ جمع نہ ہوں اور کسی بھی جلسے و جلوس یا اجتماع اور احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس حکم نامہ میں ایس ایس رامبن کو سخت ہدایت دی گئی ہیں اور علاقے میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ حیدر پورہ تصادم کے دوران ہوئی شہری ہلاکتوں میں ایک شہری عامر ماگرے فمڑوت علاقے سے تعلق رکھتا تھا جس کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ خیال رہے عامر کے اہلخانہ نے پولیس کے اس دعوی کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ایک ملیٹنٹ تھا ۔ عامر کے والد نے میڈیا نمائندوں کو بتایا ہے کہ عامر سرینگر میں مزدوری کرتا تھا، انہوں نے انصاف نہ ملنے کی صورت میں سرینگر جموں شاہرہ پر دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔