(سرینگر) پیر پنچال کے آر پاربالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد موسمی صورتحال میں بہتری آئی جس کے نتیجے میں لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں آج دن بھر سورج بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنے میںمصروف نظر آیا۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ دس روز تک موسمی صورتحال خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے 8او ر 9دسمبر کو کچھ مقامات پر ہلکی برفباری اور بارشوں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اتوار کو موسمی صورتحال کے بعد سوموار کو بارشوںکا سلسلہ تھم گیا۔ شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوئی۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد سوموارکی صبح سے ہی موسم میں بتدریج بہتری آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے ساتھ ہی سردی کی لہر میں بھی کمی آئی اور لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ ادھر شہر آفاق گلمرگ اور پہلگام میں برفباری کے نتیجے میں دونوں مقامات پر شبانہ درجہ میں کافی تنزلی دیکھنے کو ملی اور رات کا درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر سرینگر میں مقیم محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے کچھ دنوں تک موسم مجموعی طور پر خشک ہی رہے گا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 8اور 9دسمبر کے بعد وادی کشمیر میں پھر سے موسمی صورتحال آنے کا امکان ہے اور برفباری اور بارشوں ہو سکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پیر پنچال کے آر پار اتوار کے روز خراب موسمی صورتحال ریکارڈ کی گئی جس دوران بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں ہوئی۔