(سرینگر) چھانہ پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ چھانہ پورہ علاقے میں قائم پبلک ہیلتھ سنیٹر کو دن رات مریضوں کیلئے کھلا رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ چھانہ پورہ علاقے میں پبلک ہیلتھ سنیٹر پانچ سال قبل تعمیر کیا گیا ہے جس پر اس وقت 23کروڑ روپے کی لاگت آئی اور اس ہیلتھ سنیٹر میں تمام تر جدید سہولیات بہم رکھی گئی ہیں تاہم اس کے باوجود بھی مقامی آبادی اس پبلک ہیلتھ سنیٹر کی موجودگی سے مطمئن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ اس ہیلتھ سینٹر کو اپ گریڈ کرکے سب ضلع اسپتال میں منتقل کر دیا گیا تاہم وہ ابھی بھی پی ایچ سی کے بطور ہی کام کر رہا ہے اور یہاں صرف مریضوں کو صبح دس سے شام پانچ بجے تک ہی ڈاکٹر دیکھنے کیلئے رہتے ہیں اور شام کے اوقات ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث مقامی مریضوں کو دیگر اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات علاقے میں اگر کوئی بھی بیمار ہو جاتا ہے تو اسکو سکمز صورہ یا صدر اسپتال منتقل کرنا پڑتا ہے جبکہ ابتدائی علاج و معالجہ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طبی سینٹر پر چھانہ پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں سے لوگ علاج کیلئے آتے تھے تاہم شام کے وقت سنیٹر بند ہونے کے نتیجے میں انہیں مایوس ہو کر دوسرے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ایک تو طبی سینٹر کو سب ضلع اسپتال میں منتقل کرایا جائے جبکہ ساتھ ہی شام کے اوقات طبی سینٹر میں ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے تاکہ مریضوں کو کسی بھی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔











