(سرینگر) جموں وکشمیر کے عوام کو ہر اُس پارٹی اور فرد کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحدہ ہونا چاہئے جو تقسیمی سیاست کرکے اپنے حقیر مفادات حاصل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں، ایسے عناصر نے جمو ں وکشمیر کے مفادات بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ موجودہ صورتحال اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ ہم سب اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرکے اپنی اس تاریخی ریاست کے حقوق بحال کرنے میں متحدہ جدوجہد کریں۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس ضلع ادھمپور کی طرف سے منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، صوبائی یوتھ صدر اعجاز جان، اسرار خان اور ضلع صدر ادھمپور سنیل شرما کے علاوہ کئی عہدیداران بھی موجود تھے۔ تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر پارٹی لیڈران نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ”مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے والوں نے آپ سے ووٹ حاصل کئے لیکن بعد میں آپ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ہم نے آپ کو فرقہ پرست عناصر سے ہوشیار کرنے کی بھر پور کوشش کی تھی لیکن اُس وقت آپ نہیں سمجھے لیکن آج آپ لوگ بھی سمجھ گئے ہیں کہ ان لوگوں نے جموں وکشمیر کو کیسے دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ان لوگوں نے آپ سے ووٹ تو لئے لیکن جب آپ کے کام کرنے تھے تب کوئی نہیں آیا۔“ فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ یہاں کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں ملنا تو دور کی بات جو پرائیویٹ کمپنیاں یہاں مختلف کام کررہی ہیں وہ بھی اب اپنے ملازم یہاں تک کہ مزدور بھی باہر سے لاتے ہیں۔ ہمارے باصلاحیت، اعلی تعلیم یافتہ، انجینئرنگ ڈگری یافتہ نوجوانوں بے روزگار بیٹھے ہیں۔ آپ کے نمائندوں نے الیکشن سے پہلے آپ کے ساتھ بلند بانگ دعوے کئے لیکن سب کچھ سراب ثابت ہوا، اُلٹا یہاں کی خصوصی پوزیشن جبری طور پر سلب کردی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں کے عوام کو بھی اچھی طرح معلوم پڑ گیا ہے کہ دفعہ370اور 35اے جانے سے ہمیں کتنا نقصان ہوا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موجودہ دورہ میں ہمیں اتحاد و اتفاق کرنے کی ضرورت ہے، ہر طبقہ اور ہر مذہب کے لوگوں کو قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا اسی صورت میں ہماری کامیابی اور کامرانی ممکن ہے۔ اس موقعے پر مقامی لیڈران اور عہدیداران نے ضلع ادھمپور کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات بھی اُجاگر کئے اور کہاکہ موجودہ حکومت نے انہیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ بے روزگاری سے لیکر مہنگائی تک عوام مسائل و مشکلات کی چکی میں پس رہے ہیں۔