(نئی دہلی) چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد ملک کے اگلے سی ڈی ایس کی تقرری کیلئے کارروائی جاری ہے جبکہ اس دوڑ میں بھارت کے فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل ایم ایم نروانے بھی ہے جن کی تقرری کے امکانات کافی ظاہر ہور ہے۔ بدھ کو ہیلی کاپٹر حادثے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی موت کے بعد ان کے اہم عہدے کے لیے متبادل تلاش کرنے کیلئے مرکزی سرکار سنجیدہ ہے اور جلد ہی اگلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ سی ڈی ایس عہدے کی لیے زیادہ تر لوگوں کی نظریں آرمی چیف ایم ایم نراونے پر مرکوز ہیں، نروانے نئے سی ڈی ایس کے عہدے کی دوڑ میں سر فہرست ہیں۔ متعدد ریٹائرڈ فوجی کمانڈرز اور حکام کا خیال ہے کہ جنرل نروانے کو نئے سی ڈی ایس کے طور پر مقرر کرنا ایک دانشمندانہ قدم ہوگا کیونکہ وہ پانچ ماہ کے اندر آرمی چیف کے عہدے سے ریٹائر ہونے والے ہیں۔ حکام نے جمعرات کے روز کہا کہ حکومت اس معاملے پر فیصلہ لینے کیلئے فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سینئر کمانڈروں کی ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔ کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر اگلے دو سے تین دنوں میں اس فیصلے کو حتمی شکل دی جائے گی اور اسے منظوری کیلئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو بھیجا جائے گا۔ سفارشات کو مزید ناموں پر غور کیلئے کابینہ کی تقرری کمیٹی کو بھیجا جائے گا اور بھارت کے اگلے سی ڈی ایس کی تقرری کے بارے میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ حکام نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ کئی اعلیٰ افسران سی ڈی ایس کے عہدے کے لیے ممکنہ امیدواروں کی کمیٹی کے انتخاب کے عمل کو مربوط کریں گے۔