(سرینگر) جموں و کشمیر حکومت نے اٹیچمنٹ میں ڈیوٹی پر موجود تمام اساتذہ سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اصل پوسٹنگ پر جوائن کریں۔ یہ حکم محکمہ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری بی کے سنگھ نے جاری کیا ہے۔ اس حکم نامے کے مطابق جموں و کشمیر میں انتظامی ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کو اب اسکولوں میں جا کر پڑھانا پڑے گا، بصورت دیگر ان کے خلاف قواعد کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ دور دراز کے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے، ضلعی ہیڈکوارٹر اور قریبی اسکولوں میں فاضل اساتذہ ہیں جو اٹیچمنٹ کے ساتھ انتظامی ڈیوٹی پر ہیں۔ دیہی ترقی اور پنچایتی راج محکمہ، الیکشن آفس سمیت کئی دیگر محکموں میں انتظامی کاموں کے لیے اساتذہ کو تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اسکول کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ اسی رکاوٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کے تناسب کو برقرار رکھنے کے لیے پالیسی بنانے کے مطالبے پر ہائی کورٹ نے اس معاملے میں حکومت سے تازہ رپورٹ طلب کی ہوئی ہے۔ اس معاملے کو لے کر جموں و کشمیر لداخ ٹیچرس فیڈریشن کی جانب سے ایک عرضی دائر کی گئی تھی۔ جمعہ کو چیف جسٹس پنکج متل اور جسٹس سنجے دھر پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے اس معاملے کی سماعت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جو رپورٹ پیش کی گئی تھی اس میں یہ واضح نہیں ہے کہ رپورٹ میں جن منصوبوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ مکمل ہو چکے ہیں یا نہیں۔ اگلی رپورٹ میں واضح طور پر بتائیں کہ شہری اور دیہی، دونوں علاقوں میں طلبہ اور اساتذہ کے تناسب میں پیش رفت کے حوالے سے کیا کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ کئی سکولوں میں اساتذہ زیادہ اور طلبہ کم ہیں۔