(سرینگر) سرینگر کے صورہ علاقے میں منگل کی شام کو پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ناکہ پارٹی پر جنگجووں نے فائرنگ کی جس کے بعد فورسز اہلکاروں نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’ایس پی حضرت بل کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے سی آر پی ایف کے ہمراہ صورہ سری نگر میں منگل کی شام کو ایک ناکہ لگایا جس دوران گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی‘۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے جونہی ایک مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو اُس میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔