(جموں) بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کے لیڈروں پر جموں مخالف ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب جموں کو اپنا حق ملا تو ان لیڈروں کو تکلیف ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 70 برسوں کے دوران پہلی بار شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب سے وابستہ لوگوں کو انصاف ملا ہے۔ رویندر رینہ نے ان باتوں کا اظہار جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ’نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، کانگریس کے لیڈروں نے 70 برسوں تک جموں و کشمیر پر حکومت کی جب ووٹ مانگنے کی بات ہوتی تھی تو وہ سارے جموں وکشمیر کو اپنا کہتے تھے لیکن آج جب جموں صوبے کو اپنا حق مل گیا تو ان لیڈروں کو تکلیف ہوگئی‘۔ ان کا کہنا تھا: ’گذشتہ 70 برسوں کے دوران پہلی بار شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب کے لوگوں کو انصاف ملا ہے‘۔ رویندر رینہ نے کہا کہ حد بندی کمیشن کی سفارشات میں جموں صوبے اور شمالی کشمیر کے لوگوں کو اپنا حق دیا گیا ہے جس سے ان لیڈروں کو تکیلف ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈروں نے سماج کو توڑنے کی کوشش کی ہے لیکن ان کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی اے جی ڈی کا ڈراما جموں و کشمیر کی عوام دیکھ رہی ہے اور وہ ان کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ملک کا پورا قانون لاگو ہوا ہے جس کے تحت شیڈول کاسٹ کو نو جبکہ شیڈول ٹرائب کے لئے سات سیٹوں کو رکھا گیا ہے۔