(تل ابیب) فلسطینی صدر محمود عباس اسرائیل کے دورے پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے وزیر دفاع سمیت دیگر اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق محمود عباس نے وزیر خارجہ بینی گینٹس کی رہایش گاہ پر بات چیت میں سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل اگست کے اوآخر میں اسرائیلی وزیر دفاع نے محمود عباس کے ساتھ بات چیت کے لیے مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا تھا۔ فریقین کے مابین گزشتہ کئی برسوں کے دوران اس سطح پر یہ پہلی سرکاری ملاقات تھی۔ ملاقات کے بعد اسرائیلی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ملاقات کے دوران فلسطینی صدر کے ساتھ سیکورٹی اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پچھلی ملاقات میں جن امور پر اتفاق کیا گیا تھا، اسرائیلی حکومت ان پر عمل کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ادھر فلسطین میں سیول امور کے وزیر اور محمود عباس کے ترجمان حسین شیخ نے بتایا کہ اسرائیلی حکومت ایسے اقدامات جاری رکھنے اور انہیں فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے معاشی اور شہری شعبوں میں اعتماد مضبوط ہو۔دونوں رہنماؤں نے آباد کاروں کے طرز عمل کی وجہ سے کشیدہ حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔