(سرینگر) پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ حد بندی کمیشن کی طرف سے جاری دوسری رپورٹ ہمارے لئے باعث حیرانگی نہیں ہے۔انہوں نے ساتھ ہی یہ الزام بھی لگایا کہ حد بندی کمیشن کو بی جے پی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے بنایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں نئی نشستوں کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے میں کوئی فرق ہی نہیں ہے۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’ہمیں حد بندی کمیشن کی تازہ رپورٹ پر کوئی حیرانگی نہیں ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’پی ڈی پی نے پہلے ہی خدشات ظاہر کئے تھے کہ حد بندی کمیشن کو بی جے پی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے بنایا گیا ہے‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کی کوشش ہے کہ جموں وکشمیر میں اکثریتی آبادی کو بے اختیار کر دیا جائے۔انہوں نے کہا: ’نسشتوں کی حد بندی اس ترتیب سے کی گئی ہے کہ ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے میں کوئی فرق ہی نہیں پڑے گا ‘۔ان کا کہنا تھا: ’بی جے پی جموں و کشمیر اور ملک میں گوڈسے کا ایجنڈا چلا رہی ہے اور اس ایجنڈے کے تحت ہندو اور مسلمانوں کا الگ الگ کیا جا رہا ہے‘۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ پورے ملک میں موجودہ سرکار کسی کی نہیں سنتی ہے۔انہوں نے کہا: ’گاندھی کے ہندوستان کو گوڈسے کا ہندوستان بنایا جا رہا ہے اور جموں وکشمیر کو اس کے لئے لیبارٹری کے بطور استعمال کیا جا رہا ہے‘۔