(سرینگر) وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ سرینگر میں بھی بدھ کی رات سے شدید برفباری دیکھنے کو ملی، جس کے پیش نظر سرینگر ہوائی اڈے پر بھی صبح سے کوئی بھی طیارہ پرواز نہیں کر سکا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے محکمے موسمیات کے ایک افسر نے کہا کہ "آج کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوں میں دن بھر برف باری جاری رہے گی۔ 24 تاریخ کے بعد موسم میں بہتری آنے کی اُمید ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ "دن کا درجے حرارت تین ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہنے کا امکان ہے۔” وہیں انتظامیہ کے ایک سینئر آفیسر نے کہا کہ "آج صبح سے کوئی بھی طیارہ پرواز نہیں کر سکا ہے۔ حالانکہ ابھی تک یہ پروازیں منسوخ نہیں کی گئی ہیں تاہم خراب موسم کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر کی گئی ہے۔ بعد میں صورتِحال کا جائزہ لیا جائے گا۔”
We are having continuous snowfall at our airport.
Our Snow Clearing operations are also in continuous progress on runway and Apron.
However the visibility is only 400M— Srinagar Airport (@SrinagarAirport) February 23, 2022
حکام کا کہنا ہے کہ "احتیاطی اقدامات کے تحت وادی کے تمام اضلاع میں عوام کو راحت پہچانے کے لیے ہیلپ لائن نمبرات جاری کیے گئے ہیں۔ آج صبح سے ہی اہلکار سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام کر رہے ہیں ۔”وہیں کشمیر یونیورسٹی، کلسٹر یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی کی جانب سے آج لیے جانے والے تمام امتحانات کو خراب موسم کے پیش نظر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ادھر سرینگر جموں قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر پسیاں گرآنے اور پتھر گرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے شاہراہ کو دوطرفہ آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ادھم پور سے رام بن کے درمیان پتھر گرآنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں کیفٹیریا موڑ، مروگ اور پنتھیال میں پتھر گرآنے کا سلسلہ صبح سے ہی جاری ہے۔ حکام کی جانب سے لوگوں کو آج شاہراہ پر آمد و رفت کیلئے نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دریں اثناء ریلوے حکام نے آج صبح کہا کہ وادی کے مختلف علاقے میں بھاری برف باری کی وجہ سے آج ریل خدمات معطل رہیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ خراب موسم اور دھند کی وجہ سے خدمات معطل کی گئی ہیں۔ موسم میں بہتری کے فوراً بعد خدمات کو بحال کر دیا جائے۔