(سانبہ) ضلع سانبہ کے جمودا علاقے کے قریب ایک گاڑی کے گہری کھائی میں گر جانے سے چار افراد کی موت ہو گئی اور ایک زخمی ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک کار جس کا رجسٹریشن نمبر (JK01U-2233) امرتسر سے اننت ناگ جا رہا تھا، سانبہ کے جمودا علاقے کے قریب گہری کھائی میں گر گٸی۔ گاڑی میں ڈرائیور سمیت 5 افراد سوار تھے جس میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگٸے۔ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت گلزار احمد بٹ (عمر 60)، ان کی بیوی زارا بیگم (62)، ان کے بیٹے محمد اقبال (27) اور ان کی بیٹی مسرت جان (21) کے طور پر ہوئی ہے، سبھی اننت ناگ کے رہنے والے ہیں۔ مزید زخمی شخص کی شناخت ثاقب احمد بٹ (ڈرائیور) ولد عبدالرحمان بٹ ساکن برہ اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔