(بڈگام) سرینگر میں مقیم فوج کی 15کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے بدھ کو وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے چڈبگ علاقے میں مقتول ایس پی او اور ان کے بھائی کے گھر جا کر سوگواروں سے تعزیت کی. تفصیلات کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ فوج کے کسی اعلیٰ افسر نے مقتول مقامی لوگوں کے گھر جا کر تعزیت کی۔ جی او سی پانڈے، جو ایس ایس پی بڈگام، طاہر سلیم کے ہمراہ تھے، آج صبح بڈگام کے چڈبگ گاؤں پہنچے۔ جی او سی نے مقتول بھائیوں، اشفاق احمد ایک ایس پی او، اور عمر جان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، جو 27مارچ کو عسکریت پسندوں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔ آج دونوں مقتولین کا (چہلم) دن تھا۔جی او سی نے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا کہ دونوں مقتول بھائی جوان اور بہادر تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز جلد ہی حملے میں ملوث افراد کو پکڑ لیں گی۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا.