امت نیوز ڈیسک //وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت کو ایک ہزار زخم دے کر لہو لہان کرنا پاکستان کی پالیسی ہے لیکن ہمارے جوان فنسنگ تار بن کر پاکستان کو ہی زخمی کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اپنے جوانوں پر پورا بھروسہ ہے کیونکہ ہمارے جوان کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔
موصوف وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو بارہمولہ کنٹونمنٹ میں سیکورٹی فورسز جوانوں سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’جب میں کہیں دورے پر جاتا ہوں تو میری کوشش رہتی ہے کہ سیکورٹی فورسز جوانوں کے ساتھ ملاقات ضرور کروں اور جب میں آپ سے ملتا ہوں تو میرا حوصلہ بڑھ جاتا ہے‘۔پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پڑوسی ملک طرح طرح کی ناپاک حرکتیں کر رہا ہے اور آئے روز کسی نہ کسی طرح کی وارداتیں انجام دلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ’دہشت گر دانہ وارداتیں پہلے بڑی تعداد میں ہوتی تھیں لیکن اب محدود تعداد میں ہو رہی ہیں جس کا کریڈٹ ہمارے سیکورٹی فورسز جوانوں کو جاتا ہے‘۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمارے ملک کو ہر وقت پریشان کرنے کی کوشش میں لگا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا: ’ بھارت کو ایک ہزار زخم دے کر لہولہان کرنا پاکستان کی پالیسی ہے لیکن ہمارے جوان فینسنگ تار بن کر پاکستان کو ہی زخمی کر دیتے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اپنے جوانوں پر پورا بھروسہ ہے جو کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ ہم نے کبھی کسی ملک کو چوٹ پہنچانے کی کوشش نہیں کی ہے اور نہ ہی کسی کی ایک انچ زمین پر قبضہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری فوج جس بہادری سے ملک کی حفاظت کر رہی ہے اس کی جتنی بھی تعریفیں کی جائیں کم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کا ترنگا اونچا رہے یہی ہمارے جوانوں کی زندگیوں کی سب سے بڑی مراد ہوتی ہے۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک بھی اگر اپنے ملکوں کی حفاظت کے لئے کسی پر بھروسہ کرتے ہیں تو وہ ہمارے جوان ہیں۔
انہوں نے کہا: ’آپ کا درجہ کتنا بڑا ہے اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے:۔ان کا کہنا تھا: ’میں ان والدین کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے آپ جیسے دلیر جوانوں کو جنم دیا ہے آپ کے بیچ آکر میرا حوصلہ بڑھتا ہے‘۔بتادیں کہ راجناتھ سنگھ اپنے دو روزہ دورہ جموں و کشمیر کے لئے جمعرات کو سری نگر پہنچے۔وہ جموں میں جمعے کے روز شری مہاراجہ گلاب سنگھ کی 200 ویں سالگرہ کی’راجیہ بھیشیک‘ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔