سرینگر /// جمہوریت کو بھارت کی روح قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ اسمبلی انتخابات یقینی طور پر ہونے جا رہے ہیں اور ووٹر لسٹ پر دوبارہ نظر ثانی کے ساتھ ہی جموں کشمیر میں انتخابات ہونگے جس کے بعد ریاستی درجہ بھی مناسب وقت پر بحال کیا جائے گا ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کرن سنگھ کی جانب سے اسمبلی انتخابات کرانے اور جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کرنے کے مطالبات پر تبصرہ کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ”جمہوریت ہندوستان کی روح ہے۔ جمہوریت اور ہندوستان ایک دوسرے کے مترادف ہیں۔“ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم اور ملک کے وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں کئی بار کہا ہے کہ کشمیر میں انتخابات ہوں گے،“ اور کہا کہ یونین ٹیریٹری میں حد بندی کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور ووٹر لسٹ پر نظرثانی شروع ہو گئی ہے۔جس کے بعد یقینی طور پر انتخابات ہوں گے،”۔ جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے سنہا نے کہا، ”کئی بار یہ بھی کہا گیا ہے کہ (پہلے) حد بندی، پھر انتخاب، پھر مناسب وقت پر ریاست کی بحالی۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس میں شک کی کوئی گنجائش ہے،“ منوج سنا نے کہا کہ سنگھ ایک رکن پارلیمنٹ ہیں اور پارلیمنٹ میں حکومت کی یقین دہانی کی اہمیت کو سمجھیں گے۔”آپ رکن پارلیمنٹ رہے ہیں اور آپ پارلیمنٹ میں دی گئی یقین دہانی کی اہمیت کو مجھ سے زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں حکومت کی یقین دہانی ایک سچائی ہے جیسے سورج مشرق سے طلوع ہوتا ہے“۔عوامی زندگی میں سنگھ کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں خیالات اور نظریات کا ایک بلند پایہ انسان قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سنگھ نے اپنی ہمہ جہتی شخصیت کے ساتھ ہندوستانی سیاست اور ادبی دنیا کو اپنی فکری صلاحیتوں سے منور کیا ہے۔سنہا نے نوجوان نسل سے خاص طور پر سماجی خدمت اور ادبی میدان میں مصروف افراد سے سنگھ کی زندگی سے متاثر ہونے کی اپیل کی۔”یہ ہمارے بانی باپ دادا کا خواب تھا کہ ترقی متوازن ہو، ہندوستان کی روحانی اور ثقافتی روایات میں گہری جڑیں ہوں“۔ ایل جی نے کہا کہ جموں و کشمیر کی قابل ذکر، مضبوط اور لچکدار ترقی ہمارے اجتماعی عزم اور مختلف رکاوٹوں کے خلاف فتح کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ترقی تیز رفتار اور ہمہ گیر ترقی کے حصول کے لیے حکومت کے پختہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سول سوسائٹی، نوجوان اور سوچنے والے ذہنوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کو یقینی بنائیں اور سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ایل جی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموں و کشمیر میں خوف سے پاک، بدعنوانی سے پاک اور شفاف نظام قائم کیا گیا ہے۔









