(تہران) امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپڈ کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں یکساں مؤقف کے بعد ایران نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو سخت ‘ردعمل ‘ کی دھمکی دی ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اپنے ایک خطاب میں کہا ”واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے کسی بھی غلطی کا ایران بڑا سخت جواب دے گا‘‘۔ واضح رہے امریکا اور اسرائیل نے جمعرات کے روز ایرانی جوپری ہتھیاروں کو کسی بھی صورت قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایران کے ممکنہ جوہری ہتھیاروں کے خلاف دونوں اتحادیوں نے ایک طویل عرصے بعد ایک واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے، اس سے قبل دونوں کے درمیان سفارتی حکمت عملی پر اختلاف تھا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے:’’عظیم ایرانی قوم خطے کی سلامتی کے خلاف پیدا کیے گئے بحران برداشت نہیں کرے گی۔ اس لیے واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں کو خبردار رہنا چاہیے کہ ان کی کسی بھی غلطی پر ایران کی طرف سے بہت سخت اور پچھتاوا پیدا کرنے والا جواب آئے گا۔’ یاد رہے واشنگٹن اور اسرائیل ایک طویل عرصے سے ایرانی جوہری پروگرام اور جوہری صلاحیت کے حصول کے خلاف تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ اس کے مقابلے میں ایران یہ موقف پیش کرتا رہا ہے کہ اس کا کبھی بھی جوہری بم بنانے کا ارادہ نہیں تھا۔