امت نیوز ڈیسک //
آج نومنتخب صدر جمہوریہ دروپدی مُرمو نے بھارت کے 15ویں صدر کی حیثیت سے حلف لیا، وہیں جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سبکدوش صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی میعاد پر سوال اٹھائے ہیں۔
محبوبہ مفتی نے ٹویٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘سبکدوش ہونے والے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اپنے پیچھے ایک وراثت چھوڑ گئے ہیں جہاں بھارتی آئین کو کئی بار پامال کیا گیا تھا۔ چاہے وہ دفعہ 370 کی منسوخی ہو یا شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) یا اقلیتوں اور دلتوں کو بلا روک ٹوک نشانہ بنانا ہو۔
محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ ‘رام ناتھ کووند نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سیاسی ایجنڈے کو بھارتی آئین کی قیمت پر پورا کیا۔اسی دوران ایک صارف نے محبوبہ مفتی سے جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے دور حکومت پر سوالات اٹھائے۔
اگرچہ دروپدی مُرمو بھارت کی سب سے کم عمر صدر جمہوریہ ہیں اور آزادی کے بعد پیدا ہونے والے پہلی بھارتی صدر بھی۔ وہیں وہ بھارت کی پہلی قبائلی صدر اور پرتیبھا پاٹل کے بعد صرف دوسری خاتون صدر ہیں، پرتبھا پاٹل 25 جولائی 2007 سے جولائی 2012 تک اس عہدہ پر فائز تھیں۔ وہیں اگر سبکدوش صدر رام ناتھ کووند کی بات کریں تووہ 25 جولائی 2017 سے جولائی 2022 تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ کووند کوچیرل رمن نارائنن کے بعد دوسرے شخص تھے جو دلت برادری سے تھے اور اتر پردیش کے پہلے شخص تھے جنہوں نے بھارت کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔