امت نیوز ڈیسک ///
جموں وکشمیر کے ضلع رامبن کے سناسر میں گزشتہ شام ایک مکان منہدم ہونے سے مکان مالک اور اس کا بیٹا ہلاک ہوگیا جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق ضلع رامبن کے سناسر علاقے کے چاوڑی گاؤں میں ایک شخص اپنے بیٹے کے ساتھ کچے گھر کی مرمت کر رہا تھا کہ اس دوران چھت کا ملبہ گرنے سے اسکے نیچے دب کر لقمہ اجل بن گئے۔ بلدیو راج ولد قصاب میگھ کا مکان گزشتہ شام مرمت کے دوران منہدم ہوگیا۔ بلدیو راج اور اس کے بیٹے بنٹی کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور ان کی لاشوں کومقامی لوگوں اور ریسکیو اہلکاروں نے نکالا جو اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے۔
واضح رہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور ملبے میں دبے لوگوں کو نکالا۔ 40 سالہ بلدیو راج اور 9 سالہ انکے بیٹے بنٹی کی موت کی خبر سن کر علاقے میں ماتم چھا گیا۔ وہی انکا دوسرا بیٹا رویندر عمر دس سال معمولی طور سے زخمی ہوگیا ۔جسے نزدیکی اسپتال میں علاج معالجے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔