سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کی جانب سے توہین رسالتﷺ کا ارتکاب کرکے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے اور آپسی بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی مذمو م کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں تلگانہ حکومت کی طرف سے توہین رسالت کے مرتکب بھاجپا ایم ایل اے کی فوری گرفتاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہرکی ہے کہ اس شرانگیز شخص کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
انہوں نے سوال کیا کہ بھاجپا کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے صرف مسلمانوں کے دل مجروح کرنے اور ملکی عوام کے مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نظر نہیں آتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اگر امن و قانون بنانے رکھنے والے اداروں نے بھاجپا کی معطل شدہ ترجمان نوپر شرما اور توہین رسالت کے مرتکب دیگر افراد کو تحفظ دینے کے بجائے سلاخوں کے پیچھے دھکیلا ہوتا شائد آج مسلمانوں کے دل مجروح کرنے والا ایک اور گھناونا واقعہ پیش نہیں آیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکمران توہین رسالتﷺ کے مرتکبین کیخلاف کوئی کارروائی نہ کرکے مسلمانوں کے جذبات کو زبردست ٹھیس پہنچا رہی ہے۔