سری نگر//کرائم برانچ کشمیر نے بدھ کے روز جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ کے ایک برطرف انجینئر کو گرفتار کیا جس پر الزام تھا کہ اس نے مبینہ طور پر خود کو ریاستی سطح کے تکنیکی ماہر (ایس ایل ٹی ای) کے طور پر پیش کیا تھا۔
جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے درج کردہ تحریری شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے کرائم برانچ کشمیر کے اکنامک آفنس ونگ (ای او ڈبلیو) نے ایک انجینئر کو گرفتار کیا جس کی شناخت حکیم مزمل کے طور ہوئی ہے، جو باغوان پورہ لال بازار سری نگر کا رہائشی ہے۔
شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ ملزم انجینئر ،جسے جموں وکشمیر ہاؤسنگ بورڈ سے ریاستی سطح کے تکنیکی ماہر (ایس ایل ٹی سی) کے عہدے سےہٹا دیا گیا ہے، خود کو بورڈ کے ایس ایل ٹی سی ماہر کے طور پر پیش کر رہا ہے اور سرکاری مہر کا غلط استعمال کر رہا ہے۔
کرائم برانچ کشمیر نے معاملے کی انکوائری کی اور تحقیقات کے دوران لگائے گئے الزامات کو ثابت کیا گیا اور اس کے مطابق کرائم برانچ کشمیر کے پولیس تھانہ ای او ڈبلیو میں مقدمہ ایف آئی آر نمبر 67/2022 زیرِ دفعہ 420،467، 468،471،120-بی آئی پی سی درج کیا گیا ہے۔