کابل: طالبان رہنما ذبیح اللّٰہ مجاہد نے نائب وزیر اطلاعات و ثقافت کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تاہم وہ بدستور بطور حکومتی ترجمان کام کرتے رہیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نائب وزیر اطلاعات کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا اور ممکنہ طور پر ان کی جگہ مولوی حیات اللہ مہاجر لیں گے۔
ذبیح اللہ مجاہد بدستور افغانستان میں طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ تاحال اس تبدیلی کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ امیر طالبان نے حال ہی میں کئی صوبوں کے کمانڈرز اور مختلف شعبہ جات کے سربراہاں کے عہدوں پر تعیناتی کی ہیں۔
خیال رہے کہ قطر میں طالبان کے حکومت کے ترجمان کے فرائض سہیل شاہین انجام دے رہے تھے جب کہ افغانستان میں یہ منصب ذبیح اللہ مجاہد کے پاس تھا اور کابینہ کی تشکیل میں انھیں نائب وزیر اطلاعات کا اضافی عہدہ بھی دیدیا گیا تھا۔
طالبان حکومت کے وزیر اطلاعات و ثقافت خیر اللہ خیرخواہ ہیں۔