سری نگر//بانڈی پورہ ضلع میں پولیس نے جمعرات کو لشکر طیبہ کے دو جنگجووں معاونین کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا،”آج پولیس تھانہ پیٹھ کوٹ میں لشکر طیبہ کے کچھ جنگجو ساتھیوں کی نقل و حرکت کے بارے میں ایک خاص اطلاع ملنے کے بعد بانڈی پورہ پولیس نے 26 آسام رائفلز کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ ناکہ چیکنگ کے دوران لشکر طیبہ کے دوجنگجو معاونین کو موڈ پیٹھ کوٹ سے گرفتار کیا ہے۔ لشکر طیبہ ایسوسی ایٹس ایک سفید اسکارپیو میں سفر کر رہے تھے”۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جس میں 03 پستول بمعہ میگزین، 24 لائیو 9 ایم ایم راو¿نڈز، 05 عدد دستی بم، ایک کمبل، جعلی پولیس آئی کارڈ، محکمہ صحت کا جعلی شناختی کارڈ اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاءبرآمد ہوئیں ہیں۔ دونوں جنگجو ساتھیوں کی شناخت محمد یوسف وانی سکنہ پٹھ کوٹ بانڈی پورہ اور منظور احمد شاہ سکنہ باغ بانڈی پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہ لشکر طیبہ کے کچھ سرگرم جنگجووں کے ساتھ رابطے میں تھے اور ان دونوں کو جنگجووں کو لاجسٹک سپورٹ دینے کے علاوہ، نوجوانوں کو عسکریت پسندی میں شامل ہونے اور دہشت گردی پھیلانے کے لیے تیار کرنے اور عسکریت پسندی کو بحال کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ پولیس کی بروقت کاروائی نے ضلع میں ایک بڑی عسکری کارروائی کو روک دیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔








