جموں: جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ ‘جموں وکشمیر سے ملی ٹینسی کے مکمل صفایا کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ بند آخری حملے کی ضرورت ہے’۔ ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم اور اُنہیں آکسیجن فراہم کرنے والوں کو تباہ کرنے کی خاطر ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت پر پولیس چیف نے زور دیا۔ ان باتوں کا اظہار دلباغ سنگھ نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کے دوران کیا۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ ‘ہمیں جموں وکشمیر میں امن و استحکام کو مستحکم کرنے کی خاطر مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں جموں وکشمیر میں حالات کافی بہتر ہوئے۔ انہوں نے کہا ‘جموں وکشمیر میں ہڑتال اور بند قصہ پارینہ بن کر رہ گئے۔
اُنہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کو روکنے کی خاطر سرحدی علاقوں میں مزید چوکسی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال ہم نے جموں وکشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کی تعداد کو کم کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پولیس چیف نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کے مکمل صفایا کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ بند آخری حملے کی ضرورت ہے تاکہ جموں وکشمیر میں پوری طرح سے امن قائم ہو سکے۔’
انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندی کے ایکو سسٹم کو بھی پوری طرح سے تباہ کرنے کی ضرورت ہے اور جو اس کو آکسیجن فراہم کر رہے ہیں اُن کے ساتھ بھی سختی سے نپٹنے کی ضرورت ہے۔ یو اے پی اے کے تحت جیلوں میں مقید ملزمان کے کیسوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہاکہ اس ایکٹ کے تحت بند افراد کو سزا ملیں اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ زیر التوا مقدمات کو حساسیت کی بنیاد پر کم سے کم وقت میں نمٹا نے کی کوشش کریں۔ انہوں نے منشیات کے خلاف جنگ کو مزید تیزتر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سے نہ صرف ہماری نوجوان نسل متاثر ہو رہی ہے بلکہ منشیات کی اسمگلنگ سے دہشت گردوں کو بڑی رقم حاصل ہوتی ہے۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ امسال سالانہ امر ناتھ یاترا خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام کو پہنچی اور اس حوالے سے سیکورٹی فورسز نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف محازوں پر پولیس کی کامیابیوں کو سراہا جا رہا ہے تاہم ہمیں جموں وکشمیر میں امن و استحکام کی خاطر مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔ میٹنگ میں پولیس کے سینئر آفیسران نے شرکت کی جس دوران انہوں نے پولیس چیف کو سیکورٹی کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔یو این آئی