سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ ووٹر فہرستوں میں اپنا نام درج کرکے اُن مذموم عزائم کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جن کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام کو مزید بے اختیار کرنے کے حربے اپنائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت بہت سارے سیاسی اور جمہوری چیلنجوں کا سامنا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے چترگام شوپیان میں یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام ہر حال میں بے اختیار کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور غیر مقامی باشندوں کو یہاں ووٹنگ کے حقوق دینا بھی اسی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مذموم منصوبے کا مقابلہ صرف اور صرف عوام ووٹر فہرستوں میں اپنا نام درج کرکے کرسکتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ 18سال سے زیادہ عمر کا ہر ایک پشتینی باشندہ ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرے اور مستقبل میں جب کبھی بھی انتخابات ہوں ، اُس وقت بھر پور انداز میں حق رائے دہی کا استعمال کرکے اپنے مفادات کا تحفظ اور حقوق کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت جہاں بہت سارے سیاسی اور جمہوری چیلنجوں کا سامنا ہے وہیں منشیات کے استعمال کا تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے اور اس وباءکا قلع قمع کرنا آج حکومت، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً عوام کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن کر سامنے آیاہے۔
انہوں نے کہا کہ کاغذی گھوڑے دوڑانے اور زبانی جمع خرچ سے اس وباءسے نجات نہیں پائی جاسکتی ہے بلکہ اس کے لئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوامی اشتراک اور تعاون کے بغیر منشیات کیخلاف جنگ کو جیتنا ناممکن ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ عوام اس جنگ میں اپنا بھر پور رول نبھائیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی وروکوں پر زور دیا کہ وہ مل جُل کر پارٹی کی صفوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اُن کے مشکلات دور کرنے میں پیش پیش رہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کے منشور اور آئین پر سختی سے کاربند رہنے میں ہی پارٹی کی مضبوطی کا راز مضمر ہے۔