(مقبوضہ بیت المقدس)مسجد اقصیٰ کے خطیب اور ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کو قبلہ اول کے حوالے سے ایک بیانیہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
الشیخ صبری نے ایک بیان میں کہا کہ اردن کی حکومت اور قوم القدس اور مسجد اقصیٰ کے ساتھ والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔ القدس کو یہودیانے اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف پوری مسلم امہ متحد ہے۔
انہوں نے القدس شہر اور مسجد اقصی کو درپیش خطرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی پولیس اور فوج کی حفاظتی چھتری تلے یہودی انتہا پسند بار بار مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری مسلم دنیا اور عرب اقوام کو قبلہ اول کے حوالے سے ایک بیانیہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مسلمانوں کے اس مقدس مقام کو یہودیانے کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
الشیخ صبری نے مسجد الاقصی کے نیچے صہیونیوں کی طرف سے کی جانے والی کھدائیوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن قبلہ اول کی بنیادوں کو کمزور کرکے مسجد اقصیٰ کے خلاف گھنائونی سازش کررہا ہے۔