امت نیوز ڈیسک //
سری نگر:الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے بی جے پی لیڈر جاوید قریشی کے علاوہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے دس دیگر لوگوں کو ستمبر 2023 تک منعقد ہونے والے کسی بھی الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ای سی آئی کی طرف سے چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر کے نام ایک مکتوب میں کہا گیا کہ جاوید قریشی اور دس دیگر لوگوں کو ستمبر 2023 تک کسی بھی الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔
ان امیدوراوں نے سال 2019 میں لوک سبھا سیٹ کے لیے الیکشن لڑا تھا لیکن یہ امیدوار مقررہ وقت کے اندر الیکشن پر آنے والے خرچے کی تفصیلات پیش کرنے میں ناکام ہوئے تھے جس کے باعث ان پر کسی بھی الیکشن میں حصہ لینے پر تین سال کے لیے پابندی عائد کر دی گئی۔ واضح رہے کہ جاوید قریشی نے سال 2019 میں بارہمولہ نشست سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا کے لیے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے قریب چار ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔
‘جن دیگر دس لوگوں کو نا اہل قرار دیا گیا ہے ان میں انیل سنگھ (جموں سیٹ)، بلون سنگھ (جموں سیٹ)، سکندر احمد نورانی (جموں سیٹ)، راکیش مدگل (اودھم پور سیٹ)، فردوس احمد بوانی (اودھم پور سیٹ)، ریاض احمد نٹ (اننت ناگ سیٹ)، شمس خواجہ (اننت نگ سیٹ )، علی محمد وانی (اننت ناگ سیٹ) اور مرزا سجاد حسین بیگ (سری نگر سیٹ) شامل ہیں۔
(یو این آئی)









