امت نیوز ڈیسک //
شوپیاں: جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ایک عسکریت پسند نے دو غیر مقامی مزدوروں پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کرکے انہیں ہلاک کردیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی، اس دوران ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ کا ہائبرڈ عسکریت پسند عمران بشیر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کا تعلق ضلع شوپیاں کے حرمین سے ہے۔
ذرائع کے مطابق عسکریت پسند نے شوپیاں ضلع کے حرمین علاقے میں اس وقت دو غیر مقامی مزدوروں پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، جب وہ حرمین شوپیاں میں کرایہ پر لیے گئے ایک کمرے میں آرام کر رہے تھے۔ عسکریت پسند نے دونوں مزدوروں پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، جسکی وجہ سے دونوں غیر مقامی مزدور زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
ہلاک شدہ مزدوروں کی شناخت رام ساگر اور منیش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ جنکا تعلق اترپردیش کے ضلع کنوج سے ہے۔








