سرینگر / جموں کے پونچھ ضلع سے تعلق رکھنے والی دو لاپتہ بہنوں کو پولیس نے پنجاپ سے بازیاب کرنے کے بعد مبینہ طور پر اغوا کاری میںملوث چار افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ اس ضمن میں پونچھ سے نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پونچھ ضلع سے تعلق رکھنی والی دو بہنیں لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد افراد خانہ نے پولیس میں ایک شکایت درج کی ۔ پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت باسکوترا نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو دونوں کی ماں کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی دو بیٹیاں تقریباً ایک ماہ قبل گھر سے لاپتہ ہو گئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ کیس درج کرکے بعد پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی اور تیکینکی آلات اور ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے مختلف مقامات پر کئی چھاپے مارے اور آخر کار ان دونوں بہنوں کو پنجاب کے آنند پور صاحب سے بچایا۔انہوں نے بتایا کہ راجوری کے سندر بنی کے انیل کمار، جموں کے منیش کمار اور پنجاب کے لوجیت سنگھ اور رام کرشن کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس معاملے کی بڑے پیمانے پر چھان بین جاری ہے ۔











